اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کرانے کاحکم دیدیا

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ  ملاقاتوں کے آرڈر پر عملدرآمد کرائیں‘سلمان اکرم راجہ جو فہرست دیں گے ان کی ملاقات کروائی جائے:  عدالت
 یہ ملاقات کے بعد باہر آ کر میڈیا سے بات کرتے ہیں: سپرنٹنڈنٹ‘آپ گیٹ پر بات نہیں کریں گے‘ چیمبرمیں یا شام کو کہیں بھی کرلیں:ہائیکورٹ
اسلام آباد (آئی این پی)اسلام آباد ہائی کورٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان سے ملاقاتوں کے آرڈر پر عملدرآمد کا حکم دیدیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواستوں کی سماعت کی،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوبانی پی ٹی آئی سے جیل ملاقاتوں کے 24مارچ کے آرڈر پر عملدرآمد کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ہدایت کی سلمان اکرم راجہ جو فہرست دیں گے ان کی ملاقات کروائی جائے۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے آرڈر جاری کیا۔دوران سماعت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ عدالت نے انکو ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرنے سے منع کیا تھا، یہ ملاقات کے بعد باہر آتے ہیں میڈیا سے بات کرتے ہیں۔ جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت نے کہا تھا گیٹ پر میڈیا سے بات نہ کریں یہ نہیں کہا تھا ہمارے منہ پر ٹیپ لگائیں۔ ہمیں اڈیالہ جیل سے ڈیڑھ میل دور رکھا گیا وہاں بات کرتے ہیں۔عدالت نے سلمان اکرم راہ سے کہا کہ آپ گیٹ پر بات نہیں کریں گے۔ چیمبرمیں بات کریں یا شام کو کہیں بھی کرلیں۔