بھارتی روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر

بھارتی روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر

بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جہاں پہلی بار ایک امریکی ڈالر کی قیمت 97 بھارتی روپے تک جا پہنچی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی کرنسی میں اس غیر معمولی گراوٹ کے بعد ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے روپے کو سہارا دینے کے لیے زرمبادلہ کی مارکیٹ میں مداخلت کی ہے تاکہ مزید دباؤ کو کم کیا جا سکے۔اس سے قبل مئی 2026 میں بھارتی روپیہ 96 روپے 96 پیسے فی ڈالر کی ریکارڈ کم ترین سطح تک گر گیا تھا، تاہم تازہ کمی کے بعد پہلی مرتبہ 97 روپے فی ڈالر کی حد بھی عبور کر گیا۔ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، امریکی ڈالر کی عالمی سطح پر مضبوطی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے انخلا اور درآمدی بل میں اضافے نے بھارتی روپے پر شدید دباؤ ڈالا ہے۔ ان عوامل کے باعث ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا، جس سے بھارتی کرنسی کی قدر مزید کمزور ہوئی۔معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مالیاتی حالات اور خام تیل کی قیمتوں میں استحکام نہ آیا تو بھارتی روپے کو مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے اثرات درآمدی لاگت، مہنگائی اور مجموعی معیشت پر بھی مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔