کراچی میں ریٹائرڈ ایس پی کے بیٹے کی فائرنگ، ایف بی آر انسپکٹر زخمی

کراچی میں ریٹائرڈ ایس پی کے بیٹے کی فائرنگ، ایف بی آر انسپکٹر زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں کلفٹن اور کورنگی میں فائرنگ کے دو الگ واقعات میں ایف بی آر کے انسپکٹر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

پہلا واقعہ کلفٹن کراچی کے علاقے اوشین شاپنگ مال کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایف بی آر انسپکٹر شمشیر لاشاری زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر جناح اسپتال کراچی منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ گاڑیوں کے تصادم کے بعد دو افراد میں جھگڑا ہوا، جس کے دوران آغا شاہمیر نامی شخص نے فائرنگ کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم آغا شاہمیر، ریٹائرڈ ایس پی آغا اصغر پٹھان کا بیٹا ہے، جبکہ زخمی انسپکٹر اور ملزم دونوں کا تعلق شکارپور سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

دوسرا واقعہ کورنگی کراچی کے انڈسٹریل ایریا میں رشیدیہ مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ شخص چاچو مل زخمی ہو گئے۔ انہیں بھی طبی امداد کے لیے جناح اسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔