پی ٹی آئی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے 24 نومبر کا احتجاج نہ کرنا پڑے، سیاسی اور عسکری قیادت ملکی معاملات کو آگے لے جا رہی ہے
احتجاج میں دو دن باقی ہیں بہت کچھ ہو سکتا ہے، گنڈاپور روز اول سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں: صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے اس وقت بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا ممکن نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف اب راہ فرار ڈھونڈ رہی ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج نہ کرنا پڑے، سیاسی اور عسکری قیادت ملکی معاملات کو آگے لے کر جا رہی ہے، احتجاج میں دو دن باقی ہیں بہت کچھ ہو سکتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی میں مبینہ مذاکرات سے متعلق صحافی کے سوال پر وزیر دفاع نے علی امین گنڈاپور اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں کی تصدیق کی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ گنڈاپور روز اول سے وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں، علی امین گنڈاپور جلوسوں سے غائب ہو کر برآمد ہوتے ہیں، علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی گفتگو سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ اسٹیبلشمنٹ کی موجودگی میں وزیر اعلی کا لہجہ کیسا ہو سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے، وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بانی پی ٹی آئی صیہونی لابی کا بندہ ہے، بانی پی ٹی آئی کے حق میں بیرون ملک لابینگ ہو رہی ہے۔