ریبیز سے ایک اور شہری دم توڑ گیا

جڑانوالہ کا 70سالہ انور 2ماہ قبل کتے کے کاٹنے سے ریبیز کا شکار ہوا ، میو ہسپتال میں چل بسا 
رواں ماہ پنجاب میں ریبیز سے تیسری ہلاکت ،بروقت ویکسی نیشن ہی بچائو کا حل : ڈاکٹر 
لاہور (کرائم رپورٹر ) پنجاب میں کتے کے کاٹنے سے لاحق مہلک بیماری ریبیز سے ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا۔ لاہور کے میو ہسپتال میں 70 سالہ شخص دم توڑ گیا، رواں ماہ ریبیز سے یہ تیسری ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کا رہائشی 70 سالہ انور دو ماہ قبل کتے کے کاٹنے کا شکار ہوا تھا۔ متاثرہ شخص پہلے ڈی ایچ کیو ننکانہ صاحب میں رپورٹ ہوا جہاں سے طبیعت بگڑنے پر 17 اکتوبر کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال لاہور ریفر کیا گیا۔میو ہسپتال ذرائع کے مطابق مریض میں ریبیز کی واضح علامات ظاہر ہو چکی تھیں۔ مریض کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں دو دن زیر علاج رہنے کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکا۔ڈاکٹرز کے مطابق ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کے بعد مریض کا بچنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے اور بروقت ویکسی نیشن ہی اس موذی مرض سے بچائو کا واحد حل ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ پنجاب میں ریبیز سے یہ تیسری ہلاکت ہے جس نے آوارہ کتوں کی تلفی مہم اور سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین کی دستیابی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔