اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایف 10 سے چار چینی شہریوں کے اغوا کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں خارج کردی ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا مسترد کردی۔مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی، جس کے دوران پراسیکیوٹر نے ملزمان کے خلاف مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کو مبینہ طور پر تاوان وصول کرنے کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان نے مغوی چینی شہریوں کی رہائی کے عوض تاوان طلب کیا تھا اور رقم کی ادائیگی کے لیے بٹ کوائن کا طریقہ اختیار کیا جا رہا تھا۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ محض اغوا کی واردات نہیں بلکہ مبینہ طور پر مالی فائدے کے لیے کام کرنے والے ایک گروہ سے متعلق ہے۔
پولیس نے مغویوں کو بازیاب کرالیا، پراسیکیوٹر
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چاروں مغوی چینی شہریوں کو بازیاب کرالیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر پیسوں کے حصول کے لیے اغوا کی وارداتوں میں ملوث ایک گینگ کا حصہ ہیں۔پراسیکیوٹر نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کے حالات اور الزامات کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا نہیں کیا جانا چاہیے۔
عدالت نے دلائل کے بعد فیصلہ سنادیا
کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ اور ملزمان کے وکلا نے اپنے اپنے دلائل پیش کیے۔ دونوں فریقین کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے چاروں ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں خارج کردیا۔