امریکا کو مطلوب ملزم لاہور سے گرفتار

35 ارب کے مبینہ فراڈ کے ملزم فہیم اکرم پر امریکی محکمہ ڈاک کی جعلی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا الزام تھا 
 اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)نے 35 ارب روپے مالیت کی جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے مطلوب ملزم فہیم اکرم کو لاہور سے گرفتار کر لیا،امریکا نے خانیوال کے رہائشی ملزم 33 سالہ فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد دینے پر ایک لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔منگل کو این سی سی آئی اے لاہور زون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزم پر 35 ارب روپے کے فراڈ کا الزام ہے، ایک عہدیدار نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں کی جانے والی تحقیقات کے مطابق ملزم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک LabelsBank.com کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے ،فی ڈاک ٹکٹ 2 امریکی ڈالر وصول کیے گئے،فروخت ٹکٹوں کی مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے ہے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مبینہ فراڈ کے لیے 16 بینک اکائونٹس استعمال کیے گئے، جن میں ملزم کے 7، اس کے بھائی کے 5، اہلیہ کے 2، جبکہ بہن اور خالہ کا 1، 1 اکائونٹ شامل ہے، مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی اور10 روز تک خصوصی لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا، جس کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق فہیم اکرم خانیوال کے علاقے پیپلز کالونی کا رہائشی اورسافٹ ویئر انجینئر ہے،اس کا ایک بھائی بھی مبینہ طور پر اْس کے ساتھ کام کرتا تھا۔ اس سے قبل امریکی اٹارنی جیسن اے ریڈنگ کوئینونیز نے بتایا تھا کہ امریکی حکام نے فہیم اکرم کی ویب سائٹ بند کر دی ہے اور اب اسے تلاش کرنے میں حکام کو لوگوں کی مدد درکار ہے۔ امریکی حکام کے مطابق 33 سالہ فہیم اکرم پر جعلی ڈاک ٹکٹوں اور شپنگ لیبلز کا نیٹ ورک چلانے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی،فردِ جرم کے مطابق مبینہ سازش کے دوران 51 لاکھ سے زیادہ جعلی اور نقلی پوسٹل لیبلز 5200 سے زائد افراد کو فروخت کیے گئے، جس سے امریکی پوسٹل سروس کو تقریباً 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی آمدنی کا نقصان پہنچا۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا تھا کہ فہیم اکرم کے کیس میں امریکی حکام کی جانب سے تاحال حکومت پاکستان کو کوئی باقاعدہ درخواست موصول نہیں ہوئی ۔