کبھی دنیا پر راج کرنے والی پاکستانی فاسٹ بولنگ آج زوال کا شکار، وجوہات کیا ہیں؟

کبھی دنیا پر راج کرنے والی پاکستانی فاسٹ بولنگ آج زوال کا شکار، وجوہات کیا ہیں؟

پاکستانی کرکٹ کی پہچان سمجھی جانے والی فاسٹ بولنگ آج شدید تنزلی کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔

 ماضی میں پاکستان کے فاسٹ بولرز اپنی سوئنگ، ریورس سوئنگ، رفتار اور جارحانہ انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور تھے۔ دنیا بھر کے بلے باز وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر، محمد آصف، عمر گل اور محمد عامر جیسے خطرناک فاسٹ بولرز کے سامنے کھیلنے سے گھبراتے تھے۔وسیم اور وقار کی جوڑی نے کئی عالمی ریکارڈز قائم کیے، جبکہ شعیب اختر نے اپنی برق رفتار بولنگ سے عالمی شہرت حاصل کی۔ عمر گل محدود اوورز کی کرکٹ میں ڈیتھ اوورز میں یارکرز کے بادشاہ سمجھے جاتے تھے۔لیکن اب یہ تصویر بدل چکی ہے۔ آج کے بولرز، جن میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حسن علی اور حارث رؤف شامل ہیں، آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے فاسٹ اٹیک کے مقابلے میں بہت پیچھے نظر آ رہے ہیں۔ پاکستان کا پیس اٹیک مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام ہے، جس پر شائقین اور سابق کرکٹرز شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔حالیہ اعداد و شمار کے مطابق 2022 سے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی اوسط 37.32 رہی ہے، جو جنوبی افریقا، آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سمیت بڑی ٹیموں سے بھی بدتر ہے۔ یہاں تک کہ بنگلادیش، زمبابوے اور افغانستان کے فاسٹ بولرز کی کارکردگی بھی پاکستان کے بولرز سے بہتر نظر آتی ہے۔

جنوبی افریقا کی اوسط 23.78 اور آسٹریلیا کی 24.34 ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز وکٹیں لینے میں نمایاں طور پر ناکام رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق، موجودہ زوال کی کئی وجوہات ہیں جن میں غیر معیاری ڈومیسٹک نظام، فٹنس کے مسائل، غیر مستقل سلیکشن، فاسٹ بولرز کے ورک لوڈ کا غلط استعمال اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ نہ اٹھانا شامل ہیں۔ پاکستان میں ٹیلنٹ ہونے کے باوجود تسلسل اور پیشہ ورانہ ماحول کا فقدان نظر آ رہا ہے۔دوسری طرف، آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ جیسی ٹیمیں اسپورٹس سائنس، ڈیٹا انالیسز، خصوصی بولنگ کوچز اور مستقل منصوبہ بندی کی مدد سے اپنے پیسرز کو مزید مؤثر بنا رہی ہیں، جس کا اثر ان کے نتائج پر واضح نظر آ رہا ہے۔