نئی دہلی: پاکستان ہائی کمیشن کا یوم پاکستان پر پروقار استقبالیہ

نئی دہلی: پاکستان ہائی کمیشن کا یوم پاکستان پر پروقار استقبالیہ

پاکستان ہائی کمیشن، نئی دہلی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاستدانوں، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاکستانی ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں آنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور 23 مارچ 1940ء کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا اور تحریک پاکستان کی بنیاد بنا۔

ناظم الامور نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا اور آج پاکستان اس سفر میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی امن، سلامتی اور بین الاقوامی تعاون کے اصولوں پر مبنی ہے، اور پاکستان ہمیشہ دوسرے ممالک کے ساتھ باہمی احترام، خودمختاری اور پرامن بقائے باہمی کے تحت دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

سعد احمد وڑائچ نے جنوبی ایشیا کے امن اور ترقی کے حوالے سے بھی بات کی، اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری کو فروغ دینا ضروری ہے، اور باہمی مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔

تقریب کے دوران پاکستان کے خوبصورت مناظر اور ثقافت کی عکاسی کرنے والی تصاویر، فنکاروں کی خطاطی کے شاہکار اور روایتی پاکستانی کھانے پیش کیے گئے، جنہوں نے مہمانوں کو بہت متاثر کیا۔