وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کی جاری اور مستقبل کی ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات اور تفریحی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں، بین الاقوامی معیار کی فرموں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بندی کے تحت فائیو اسٹار ہوٹلز کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا، اور ای او بی آئی کے تعاون سے تیار ہونے والے فائیو اسٹار ہوٹل منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ، سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے، وفاقی وزیر داخلہ نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے زیرو ٹیکس پر مبنی نئی ہوٹل پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے تمام رقبے اور پراپرٹی کا مکمل سروے کیا جائے گا، جس کے لیے سروے آف پاکستان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ مزید برآں، آئندہ تمام آکشنز کے لیے ایک باقاعدہ مارکیٹنگ ٹیم تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔اس کے علاوہ، اسلام آباد میں سیف سٹی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے کنٹرول روم کو سیف سٹی اسلام آباد منصوبے کے تحت قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ یہ اقدامات اسلام آباد کو ایک جدید، محفوظ اور ترقی یافتہ شہر بنانے کی جانب اہم قدم تصور کیے جا رہے ہیں۔