"اپنی مٹی چھوڑنا آسان نہیں، مہاجر ہونا جرم نہیں: وزیراعلیٰ پنجاب"

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پناہ گزینوں کے عالمی دن (ورلڈ رفیوجی ڈے) کے موقع پر مہاجرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں بلکہ ایک کرب ناک مجبوری ہے، جو کسی بھی انسان پر ناگزیر حالات میں آتی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی شخص شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا، بلکہ یہ ایک ایسی اذیت ہے جو اسے جنگ، جبر، قحط یا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث برداشت کرنا پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ "اپنی زمین، اپنا آنگن اور چھت چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوتا، یہ زندگی بچانے کے لیے کیا جانے والا انتہائی مشکل قدم ہوتا ہے۔"وزیراعلیٰ نے دنیا بھر کے مظلوم مہاجرین، خصوصاً فلسطین، شام اور افغانستان کے پناہ گزینوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دربدری انسانیت کے لیے ایک کڑا امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ "جنگیں تو ختم ہو جاتی ہیں، مگر مہاجرین کی بے گھری نسلوں تک پیچھا نہیں چھوڑتی۔"مریم نواز نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں بلکہ مظلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے ساتھ ہمدردی اور عزت سے پیش آنا انسانی اقدار کا بنیادی تقاضا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ محدود وسائل کے باوجود فراخ دلی سے لاکھوں مہاجرین کو پناہ دی۔انہوں نے کہا کہ "پاکستان مظلوموں کی آواز بنا ہے اور بن کر رہے گا، ہم مہاجرین کے حقوق کے تحفظ اور فلاح کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔"اپنے پیغام کے اختتام پر مریم نواز نے دنیا بھر میں امن کے قیام اور ظلم کے خاتمے کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا:"دعا ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو اور ہر انسان کو اپنا گھر، اپنی چھت اور سکون نصیب ہو۔"