مقدمہ اداکارہ کے ٹی وی شو میں شرکت کرنے والے ایک شخص کی موت سے متعلق ہے
ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی اداکارہ اور ماڈل راکھی ساونت ایک بار پھر قانونی مشکلات میں گھر گئی ہیں۔ بھارت کے شہر جھانسی کی عدالت نے 16سال پرانے خودکشی کیس میں ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ یہ مقدمہ اداکارہ کے ٹی وی شو راکھی کا انصاف میں شرکت کرنے والے ایک شخص کی موت سے متعلق ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ نومبر 2010 کا ہے، جب جھانسی کے علاقے پریم نگر سے تعلق رکھنے والے لکشمن اہروار اپنی اہلیہ کے ساتھ ازدواجی تنازع حل کرانے کے لیے پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔ شو کے دوران راکھی ساونت نے مبینہ طور پر لکشمن کو نامرد کہا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ تنازع کا شکار ہوگیا۔اہل خانہ کا دعوی تھا کہ شو میں پیش آنے والے واقعے کے بعد لکشمن ذہنی دبائو میں چلے گئے تھے اور بعد میں انہوں نے خودکشی کرلی۔ خاندان نے ان کی موت کو پروگرام میں ہونے والی تضحیک سے جوڑا۔ ضلعی سرکاری وکیل برائے جرائم مرِدل کانت شریواستو نے بتایا کہ فاسٹ ٹریک عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج نے جمعے کو راکھی ساونت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے۔ ان کے مطابق، اداکارہ بار بار عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس کے بعد عدالت نے یہ قدم اٹھایا۔مقدمے کی اگلی سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ اب اس معاملے میں آئندہ عدالتی کارروائی اہم ہوگی۔