منی لانڈرنگ کی روک تھام ‘پنجاب پولیس کے 14افسر چین میں تربیت حاصل کریں گے

28 اکتوبر سے 10 نومبر تک  تربیتی پروگرام میں چینی ماہرین پولیس افسروں کو  غیر قانونی سرگرمیوں کی مالی معاونت روکنے کے جدید طریقوں سے آگاہ کرینگے
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے 14 سینئر افسر چین میں منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی مالی معاونت روکنے کے جدید طریقوں کی اعلی سطحی تربیت حاصل کریں گے۔ 28 اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہنے والے تربیتی پروگرام میں چینی ماہرین پولیس افسران کو منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی مالی معاونت روکنے کے جدید طریقوں سے آگاہ کریں گے۔ پاکستان اپنی بہتر کارکردگی کے باعث پہلے ہی ایف  اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل چکا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈی آئی جی، ایس ایس پی، ایس پی اور اے ایس پی رینک کے 14 پولیس افسران کو تربیت کے لیے نامزد کیا ہے۔ نامزد افسران میں ڈی آئی جی حسن حبیب امتیاز اور ڈی آئی جی محمد طیب حفیظ بھی شامل ہیں، جبکہ لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور سہالہ سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران بھی تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ ایس پی عدیل شکور کو ریزرو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔