ماڈرن پنجاب میں گورننس کا فیصلہ کن موڑ، پنجاب حکومت کے بڑے فیصلے

ماڈرن پنجاب میں گورننس کا فیصلہ کن موڑ، پنجاب حکومت کے بڑے فیصلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ (PPMU) کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جس کے ذریعے صوبے بھر کے تمام شہروں، سرکاری اداروں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دفاتر کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔

چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل شعیب مرزا نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کھلے مین ہول، مہنگائی، آوارہ کتے، وال چاکنگ، ابلتے نالے، قبرستان اور ریڑھی بازار سمیت عوامی سہولیات اور شہری خطرات کی نگرانی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ڈیش بورڈ اور ورچوئل ٹور کے ذریعے ہر افسر اور اہلکار کی کارکردگی اور حاضری بھی خود مانیٹر کریں گی۔ پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ میں 22 اہم پرفارمنس انڈیکٹرز کی بنیاد پر مسلسل نگرانی ہوگی، اور کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کی کارکردگی کا پہلا KPI ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آٹا، روٹی، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، صفائی، ڈرینج اور سیوریج سسٹم کی صورتحال، پارکوں اور قبرستانوں کی حالت، اور ریڑھی بازار کی نگرانی بھی یونٹ کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈویژن اور اضلاع میں بھی CMIT یونٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ عوامی مسائل اور شہری سہولیات کی فوری جانچ اور بہتری ممکن ہو سکے۔