آئی جی سے ملازمین سے کی ملاقات، فوری ریلیف کی ہدایت

 ڈاکٹر عثمان انور کے سیلابی صورتحال میں ہائی الرٹ رہنے کے احکامات 
 لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کے لیے احکامات جاری کیے۔ انسپکٹر انجم توقیر، سب انسپکٹر سہیل ظفر اور سب انسپکٹر منصور خالد کی پروموشن کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ اے ایس آئی حمید سلطان کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ دیگر ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق درخواستوں پر بھی احکامات جاری ہوئے۔انسپکٹر جنرل پولیس نے بالائی پنجاب میں ممکنہ کلاوڈ برسٹ اور دیگر اضلاع میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات دیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مری، راولپنڈی، جہلم اور چکوال سمیت متعلقہ اضلاع میں پولیس ٹیموں کو ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں ریسکیو آپریشنز میں حصہ لینے کی ہدایات دی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کریں، دریاؤں کے کنارے آباد دیہاتوں میں امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ جاری رہے اور متاثرہ شہریوں کو تحفظ، کھانا، ادویات اور دیگر ضروریات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے کنٹرول سنٹرز سے متعلقہ اضلاع کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ سیلاب کے ممکنہ خطرات سے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔