داخلی و اہم مقامات کے ’’میک اپ‘‘ کی تیاری

بادامی باغ را ئونڈ ابا ئوٹ کا نام تبدیل کرکے آزادی سکوائررکھنے ، خوبصورت فوارہ نصب کرنیکی تجویز 
لاہور(خصوصی رپورٹ )لاہور ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے ساتھ شہر کے داخلی و اہم مقامات کو نیا روپ دینے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ بادامی باغ را ئونڈ ابا ئوٹ پر مونومنٹ کے بجائے خوبصورت فوارہ نصب کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔چین سے در آمد شدہ فوارے کے ساتھ گرین بیلٹس، سٹنگ ایریاز اور لینڈ سکیپنگ بھی کی جائے گی جبکہ را ئونڈ ابا ئوٹ کا نام تبدیل کرکے آزادی سکوائررکھنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ایل ڈی اے نے منصوبے کا تھری ڈی ڈیزائن تیار کرلیا، را ئونڈ ابا ئوٹ کی اپ گریڈیشن پر عملی کام آئندہ چند روز میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے ساتھ شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے منصوبے میں ایک اور مقام شامل کرلیا گیا۔بادامی باغ را ئونڈ ابا ئوٹ کو جدید اور دیدہ زیب انداز میں تبدیل کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ، جہاں موجودہ مونومنٹ کی جگہ خوبصورت فوارہ نصب کرنے کی تجویز ہے۔منصوبے کے تحت را ئونڈ ابا ئوٹ کے عین وسط میں چین سے در آمد کیا گیا فوارہ نصب کیا جائے گاجبکہ اطراف میں گرین بیلٹس، سٹنگ ایریاز اور لینڈ سکیپنگ کے ذریعے پورے مقام کی ہیئت تبدیل کی جائے گی۔بادامی باغ را ئونڈ ابا ئوٹ کے نام میں تبدیلی کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ منصوبے کے مطابق اسے آزادی سکوائر کا نام دینے کی تجویز زیرِ غور ہے تاہم نام کی حتمی منظوری پنجاب حکومت دے گی۔اپ گریڈیشن پلان میں صرف خوبصورتی ہی نہیں بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ را ئونڈ ابا ئوٹ پر دکانیں تعمیر کرکے انہیں کرائے پر دینے کا منصوبہ بھی تجویز کا حصہ ہے۔ایل ڈی اے کی جانب سے را ئونڈ ابا ئوٹ کی نئی شکل کا تھری ڈی ڈیزائن بھی تیار کرلیا گیا جسکے مطابق فوارے، سبزہ زار، بیٹھنے کی جگہیں اور لینڈ سکیپنگ مربوط ڈیزائن کا حصہ ہونگے۔ ریلوے سٹیشن کے گول چکر کی اپ گریڈیشن کے بعد فوارے کی تنصیب کا یہ دوسرا نمایاں منصوبہ ہوگا جہاں خوبصورتی کے لیے روایتی مونومنٹس کے بجائے فواروں کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی بیوٹیفکیشن کے لیے فوارے نصب کرنے کی تجاویز زیرِ غور ہیں، جس کا مقصد لاہور کے اہم داخلی اور مرکزی مقامات کو جدید لینڈ سکیپنگ اور شہری جمالیات کے ذریعے نیا روپ دینا ہے۔