این سی سی آئی اے کا الحفیظ شاپنگ مال میں چھاپہ ،کال سنٹرسے مالک و ملازم گرفتار،2لیپ ٹاپ ،3موبائل بھی برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور میں امریکی شہریوں سے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث غیر قانونی کال سنٹر پر چھاپہ مار کر مالک ارشاد احمد بٹ اور اس کے ملازم اورنگزیب کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران دو لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں کی گئی کارروائی کے دوران ایجنسی کو اوپن سورس انٹیلی جنس کے ذریعے مین بلیوارڈ پر واقع الحفیظ شاپنگ مال میں غیر قانونی کال سنٹر کی سرگرمیوں کا پتہ چلا، جس کے بعد عدالت سے تلاشی کے وارنٹ حاصل کرکے چھاپہ مارا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم امریکی شہریوں سے انشورنس کمپنیوں کے نمائندے بن کر رابطہ کرتے اور انشورنس مہم کے نام پر ان کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کی تفصیلات حاصل کرتے تھے۔ یہ معلومات مبینہ طور پر غیر قانونی مالی لین دین کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔ این سی سی آئی اے نے تمام برآمد شدہ آلات قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے مطابق غیر قانونی کال سنٹرزز اور بیرون ملک شہریوں کو مالی فراڈ کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔