ہائیکورٹ:پنجاب بار الیکشن ، امیدواروں کی اسنادتصدیق کرانے کا حکم

 انتخابات کے حتمی نتائج امیدواروں کی ڈگریوں کی تصدیق سے مشروط ہو نگے:عدالت 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کروانے کا حکم دیدیا۔ ایڈووکیٹ محمد انس الیاس بٹ کی درخواست پرجاری حکم میں عدالت نے قرار دیا کہ پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے حتمی نتائج امیدواروں کی ڈگریوں کی تصدیق سے مشروط ہو نگے،تمام امیدوار اپنی تعلیمی اسناد خود یا متعلقہ ضلعی بار کونسل کے ذریعے سیکرٹری پنجاب بار کونسل کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے، سیکرٹری پنجاب بار تمام امیدواروں سیکل 18 اکتوبر دوپہر ڈھائی بجے تک تعلیمی اسناد وصول کریں۔عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن امیدواروں کی اسناد کی تصدیق کے معاملے پر پنجاب بار کونسل کی مکمل معاونت کرے تاکہ انتخابات کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے،پنجاب بار کونسل کے انتخابات یکم نومبر کو منعقد ہوں گے۔