اسلام آباد: ایمان مزاری اور ہادی علی کیس کی سماعت، گرفتار کرنے کا حکم معطل

اسلام آباد: ایمان مزاری اور ہادی علی کیس کی سماعت، گرفتار کرنے کا حکم معطل

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی علی کے خلاف متنازع ٹوئٹس کیس کی سماعت

سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کی۔پراسیکیوٹر رانا عثمان اور ڈی ایس پی لیگل عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ وکیل صفائی ریاست علی آزاد نے کہا کہ ملزمان عدالت کے سامنے سرنڈر کر کے پیش ہو جائیں گے۔عدالت نے گرفتار کرکے ویڈیو لنک پر پیش کرنے کا حکم معطل کر دیا اور سماعت میں وقفہ دیا۔جج افضل مجوکہ نے کہا کہ سوالنامہ تیار ہے اور کارروائی عدالت میں ہوگی، وارنٹس اور ضمانت خارج کرنے کے لیے جوڈیشل آرڈر جاری کیا گیا تھا، تاہم لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق وارنٹ واپس لیے جا سکتے ہیں۔جج نے مزید کہا کہ موجودہ کیس میں سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی ہے اور اگر ممکن ہوتا تو وہ ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ واپس لیتے۔
وکیل صفائی نے عدالت سے کہا کہ ملزمان کو پیش ہونے کا ماحول دیا جائے اور ضمانت خارج ہونے کی وجہ دیکھیں، کیونکہ فریقین جلد فیصلہ چاہتے ہیں۔پراسیکیوٹر نے وضاحت کی کہ ہائیکورٹ ہی فیصلہ کر سکتی ہے اور جب تک ملزمان سرنڈر نہیں کرتے، ٹرائل کورٹ فیصلہ واپس نہیں لے سکتی۔یہ سماعت متنازعہ ٹوئٹس کیس کے سلسلے میں جاری قانونی کارروائی کا حصہ ہے، جس میں عدالت نے ملزمان کے پیش نہ ہونے پر کچھ اقدامات معطل کر دیے ہیں، اور آئندہ کارروائی روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔