لندن: ایون فیلڈ کے باہر نقاب پوش افراد نے نواز شریف کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے

لندن: ایون فیلڈ کے باہر نقاب پوش افراد نے نواز شریف کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے

 لندن میں نقاب پوش افراد نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی گاڑیوں کے سائیڈ ویو مررز توڑ دیے۔

 پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، تاہم اب تک ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی۔پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو نقاب پوش افراد کو گاڑیوں کے سائیڈ ویو مررز توڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزمان نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے، جس کے باعث ان کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔واقعے میں ملوث افراد کے بارے میں تاحال معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ دوسری جانب گاڑیوں کی مرمت کروا لی گئی ہے اور نواز شریف نے آج انہی گاڑیوں میں سفر بھی کیا۔

نواز شریف کا پشاور اسکول سانحے پر اظہارِ افسوس
ایون فیلڈ پہنچنے پر نواز شریف نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کے حوالے سے مریم نواز پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔

طبیعت کے بارے میں سوال پر کیا جواب دیا؟
نواز شریف سے ان کی طبیعت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اللہ کا شکر ہے۔ اس موقع پر ان کے معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔لندن پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات اور ملزمان کی شناخت کے حوالے سے پیش رفت کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔