لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے اہم منصوبے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) کے تحت شمار پروگرام کا آغاز کردیا گیاجسکا مقصد حکومت اور تعلیمی اداروں میں رابطے کو مضبوط بنانا اور مستند اعداد و شمار کی مدد سے عوام کی ضروریات کے مطابق بہتر حکومتی پالیسیاں بنانا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی سرپرستی میں شعبہ معاشیات کے زیرِ اہتمام جامع ترقی کیلئے مستند اعداد و شمار کی اہمیت پر سیمینار ہوا۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے کہا اس اہم پروگرام کا آغاز خوش آئند ہے، جس سے طالبات کو حکومتی منصوبوں، تحقیق اور پالیسی سازی بارے براہِ راست جاننے کا موقع ملے گا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر (PSER)قمر زمان قیصرانی نے نے بتایا ماضی میں مختلف محکموں کے پاس عوام کا نامکمل یا پرانا ریکارڈ تھا جس سے مستحق افراد تک حکومتی امداد پہنچانے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔ اب گھرانوں کی معاشی وسماجی صورتحال کا جامع ریکارڈ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ حکومتی امداد، سبسڈیز اور دیگر سہولیات شفاف طریقے سے مستحق افراد تک پہنچائی جا سکیں۔