الیکشن کمیشن حرکت میں آگیا ، اپریل میں انتخابات کی تجویز غیر تسلی بخش قرار ،انتخابی افسران کی فہرستیں ہفتے میں فراہم کرنیکی ہدایت
اسلام آباد(بورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ ونگز کو انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کمیشن نے صوبے میں انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام منظوری کے لیے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں کمیشن کے ارکان نثار درانی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرام اللہ خان سمیت سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت نے کمیشن کے خط کے جواب میں 14 اکتوبر کو اپنا موقف پیش کیا تھا، صوبائی حکومت دسمبر میں دھند اور سردی جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے باعث بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں کرانا چاہتی ہے،حکومت نے انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز دی، تاہم الیکشن کمیشن نے اس جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 کے تحت 20 اگست کو مشاورت مکمل ہوئی تھی۔اس دوران پنجاب حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 تک بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم اب صوبائی حکومت پہلے سے تجویز کردہ تاریخوں میں تبدیلی چاہتی ہے۔الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن نے متعلقہ ونگ کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام منظوری کے لیے فوری طور پر پیش کیا جائے تاکہ انتخابی شیڈول جاری کرنے کا عمل آگے بڑھایا جاسکے۔اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی افسران کی فہرستیں فراہم نہ کرنے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا گیا، کمیشن نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ ونگ کو ہدایت کی ہے کہ کنٹونمنٹس کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔