غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف کریک ڈائون تیار

عبدالرحیم شیرازی کا 32چوک، شاہدرہ، لاری اڈہ اور راوی روڈ کا دورہ ،ٹریفک صورتحال کا جائزہ
بغیر پی ایس وی لائسنس بسیں چلانے والے ڈرائیورز کیخلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں‘ گفتگو
لاہور ( کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے غیر قانونی بس اڈوں اور ہورڈنگ پوائنٹس کے خلاف سخت کریک ڈائون کا حکم دے دیا۔سی ٹی او لاہور نے 32چوک، شاہدرہ، لاری اڈہ اور راوی روڈ کا دورہ کیا اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے غیر قانونی بس اڈوں اور ہورڈنگ پوائنٹس کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔سی ٹی او نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ہورڈنگ پوائنٹس پر بسیں کھڑی کرنے اور سواریاں اتارنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی بس اڈوں کی شکایت پر متعلقہ سیکٹر انچارج اور ڈیوٹی افسر کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔سی ٹی او کے مطابق رواں سال غیر قانونی ہورڈنگ پوائنٹس پر بسیں روکنے پر 31مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ ماہ اکتوبر میں غیر قانونی بس اسٹینڈز اور ہولڈنگ پوائنٹس پر 2700سے زائد چالان ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے بس ڈرائیورز کے لیے ایچ ٹی وی اور پی ایس وی ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر پی ایس وی لائسنس بسیں چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ غیر قانونی بس اسٹینڈز اور ہورڈنگ پوائنٹس کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے غیر قانونی اڈوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔