لاہور ‘ منچن آباد، سانگلہ ہل، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں ‘نارووال اور دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا
مظفر آباد‘چترال میں بھی بارش‘ چنیوٹ میں موسلا دھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گر نے سے ایک شخص جاں بحق‘ چھ بکریاں ہلاک ہوگئیں
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ر بارش ہوئی ۔لاہور میں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، فیروزپور روڈ، گلبرگ، کینال روڈ، مسلم ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں منچن آباد، سانگلہ ہل، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں اور دیگر شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔دوسری جانب آزاد کشمیر کے پہاڑوں کے بعد شہری آبادیوں میں بھی برفباری ہوگئی، وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، سیاحتی گاؤں اڑنگ کیل میں برفباری سے ہرطرف سفیدی بکھر گئی، گریس ویلی، شونٹھر میں بھی گزشتہ رات برفباری ہوئی۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم تبدیل ہوگیا، وادی لیپہ، ضلع باغ، حویلی کے بلند پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی، آج بھی بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔چترال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی، بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور شہریوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کر دیئے ہیں۔چنیوٹ میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی و موسلادھار بارش،آسمانی بجلی گر نے سے ایک شخص جاں بحق اور چھ بکریاں ہلاک ہوگئیں،بارش نے تباہی مچادی،شہر میں ہونے والی بارش سے علاقہ بھر کے گلی کوچے اور بازار تالاب بن گئے جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا