توانائی بحران میں شدت،8 سے12گھنٹے لوڈشیڈنگ

 اسلام آباد(آن لائن)مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیاہے اور ذرائع کے مطابق توانائی بحران کے باعث ملک بھر میں بجلی کا شاٹ فال بھی بڑھ گیا،گیس بحران کے باعث تقریباً 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار بند ہو گئی،درآمدی گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار سسٹم سے آؤٹ ہے،مہنگے فرنس آئل والے پاور پلانٹس سے بھی بجلی پیداوار بند ہے۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں تک کر دیا گیا،بجلی کمپنیوں کو مختص کوٹہ سے بجلی کی فراہمی تقریباً نصف کر دی گئی،شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے کر دیا گیا۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھٹنے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی،بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک کر دیا گیا،ذرائع کے مطابق درآمدی گیس کی فراہمی تک بجلی کی پیداوار متاثر رہے گی،مہنگے فرنس آئل سے پیداوار میں ایف سی اے لاگت ریکارڈ حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے،فرنس آئل پلانٹس چلانے سے پیداواری لاگت 8 روپے تک بڑھ سکتی ہے،پاور ڈویژن مہنگی بجلی کی صارفین کو فراہمی سے گریزاں ہے، فوری طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ذریعے مہنگی بجلی پیداوار کو روکا جا رہا۔