انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، آئی سی سی نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان پر جرمانہ عائد کردیا۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق پاکستانی ٹیم کو مقررہ وقت میں 11 اوورز کم کرانے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی منہا کرلیے گئے۔پوائنٹس کٹنے کے بعد پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف 5 پوائنٹس باقی رہ گئے ہیں اور قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔قوانین کے مطابق ہر کم اوور پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزا قبول کرلی، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گیفنی، تیسرے امپائر الاؤالدین پالیکر اور چوتھے امپائر رسل وارن نے بھی پاکستانی ٹیم پر چارج عائد کیا تھا۔