بھارت طیارہ حادثہ،ہلاکتوں کی تعداد290ہو گئی

 طیارے میں سوار 241 افراد ہلاک،ایک بچ نکلا،بلیک باکس مل گیا
 احمد آباد(نیٹ نیوز)بھارتی شہر احمد آباد میں حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے۔بھارتی سول ایوی ایشن کے وزیر نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا ہے کہ تحقیقات ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو کر رہا ہے، حکومت تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا رہی ہے۔بھارتی سول ایوی ایشن کے وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد  آباد میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے طیارے میں سوار تمام 241 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا۔طیارے نے لندن کے لیے اْڑان بھری تھی کہ حادثے کا شکار ہو گیا، طیارہ ڈاکٹروں کے ہاسٹل کی عمارت پر گرا، مسافر طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے، جبکہ 11 بچے بھی موجود تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں طیارے میں سوار افراد کے علاوہ49افراد مارے گئے،متعدد زخمی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔