ہمیں ایران کی حکومت سے مسئلہ ہے :اسرائیلی وزیرخارجہ

 ایران کے عوام آزادی کے مستحق ہیں، ہماری ان سے کوئی دشمنی نہیں ہے:گیدون سار 
امریکی صدر ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کی مدد  کرنے کا فیصلہ کرلیا:اسرائیلی میڈیا کا دعوی
تل ابیب(آئی این پی )اسرائیل نے بھی ایرانی مظاہرین کی حمایت کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایرانی حکومت سے مسئلہ ہے ۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق  اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی کامیابی کے لئے  نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام آزادی کے مستحق ہیں، ہماری ان سے کوئی دشمنی نہیں، ہمیں ایرانی حکومت سے مسئلہ ہے جو دہشت گردی اور انتہاپسندی کی سب سے بڑی برآمدکنندہ ہے اور ایرانی حکومت صرف ہمارا ہی نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی مسئلہ  ہے‘دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے دعوی کیا ہے   امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں 2 ہفتے سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کے بعد مظاہرین کی مدد کا فیصلہ کرلیا۔