پنجاب حکومت نے سرکاری گندم دوسرے صوبوں کو فروخت کرنے کی اجازت دیدی

حکومت کا براہ راست کاشتکاروں سے گندم نہ خریدنے کا فیصلہ، نجی کمپنیاں بھی محکمہ خوراک سے گندم خرید سکیں گی،ڈیفالٹر ملوں کوگندم  دینے پرپابندی 
  حکومت نے براہ راست کسانوں سے گندم نہ خریدی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، کسان معاشی بدحالی کا شکار ہو جائیں گے:کسان اتحاد 
 لاہور (آئی این پی )پنجاب حکومت نے سرکاری گندم دوسرے صوبوں کو فروخت کرنے کی اجازت دے دی ہے، جبکہ نجی کمپنیاں بھی محکمہ خوراک سے گندم خرید سکیں گی۔ ذرائع کے مطابق، ڈیفالٹر فلور ملز کو گندم فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔قبل ازیں، حکومت پنجاب نے کسانوں سے گندم کی خریداری کے لیے نئی پالیسی مرتب کی تھی، جس کے تحت اس سال سرکاری سطح پر گندم نہ خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے بجائے نجی کمپنیوں کو گندم بیچنے کی تجویز دی گئی تھی۔گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حکومت نے براہ راست کاشتکاروں سے گندم نہ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، محکمہ خوراک پنجاب نجی کمپنیوں کو سرکاری گودام بھی فراہم کرے گا تاکہ گندم ذخیرہ کی جا سکے۔اس نئی پالیسی کے اعلان کے بعد محکمہ خوراک کے افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، کسان اتحاد کے رہنما خالد باٹھ نے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اگر حکومت نے براہ راست کسانوں سے گندم نہ خریدی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور کسان معاشی بدحالی کا شکار ہو جائیں گے۔