لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اے ایس آئی زوار حسین نے اہلخانہ کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی زوار حسین کی بیٹی نور الہدیٰ نے میٹرک کے امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور بورڈ میں دوسری جبکہ پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آئی جی پنجاب نے نور الہدیٰ کو تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی پر شاباش دی اور بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے مشکل حالات کے باوجود بچوں کو بہترین تعلیم و تربیت فراہم کرنے پر اے ایس آئی زوار حسین اور ان کی اہلیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ قواعد کے مطابق اے ایس آئی زوار حسین کو پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے بچوں کی تعلیم کیلئے اسکالر شپ فراہم کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق پولیس شہداء اور ملازمین کے ہونہار بچوں کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لیے فارن اسکالر شپس بھی دی جا رہی ہیں۔ اے ایس آئی زوار حسین انویسٹی گیشن ونگ لاہور میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔