ہوم سیکریٹری شبانہ محمود نے فیصلے کو قومی سلامتی کے تناظر میں درست قرار دیا۔برطانوی اخبار
لندن(آئی این پی )سابق برطانوی پولیس اہلکار کی شہریت روس سے تعلقات پر ختم کردی گئی۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مارک بلن کا پاسپورٹ قومی سلامتی کے تحت منسوخ کردیا گیا ہے، عام طور پر یہ اقدام دہشت گردوں یا خطرناک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیا جاتا ہے، تاہم ہوم سیکریٹری شبانہ محمود نے اس فیصلے کو قومی سلامتی کے تناظر میں درست قرار دیا۔برطانوی اخبار کے مطابق 45 سالہ مارک بلن ایک دہائی سے زائد عرصے تک ہارٹفورڈ شائر کانسٹیبلری میں خدمات انجام دے رہے تھے، انہوں نے ماضی میں روس کو اپنی بچپن کی محبت قرار دیا تھا اور روسی میڈیا کو بتایا تھا کہ بچپن میں ان کی سوویت یونین سے دلچسپی کے باعث اہل خانہ اور دوست ان کو جاسوس کہتے تھے۔مارک بلن نے 2022 میں روسی شہریت حاصل کی، جسے انہوں نے اپنی زندگی کا خواب قرار دیا تھا، ان کو نومبر 2024 میں لوٹن ایئرپورٹ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔