پاکستان واڈا کی واچ لسٹ سے نکل گیا، کھلاڑیوں پر ممکنہ پابندیاں ٹل گئیں

پاکستان واڈا کی واچ لسٹ سے نکل گیا، کھلاڑیوں پر ممکنہ پابندیاں ٹل گئیں

کئی مہینوں کی غیر یقینی صورتحال کے بعد پاکستان نے بالآخر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کی واچ لسٹ سے اپنا نام نکلوا لیا ہے، جس کے بعد قومی کھلاڑیوں پر بین الاقوامی سطح پر ممکنہ پابندیوں کا خطرہ ختم ہوگیا۔

باخبر ذرائع کے مطابق واڈا نے باضابطہ تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن (اے ڈی او پی) کے خلاف جاری تعمیلی عمل ختم کردیا گیا ہے کیونکہ تمام زیر التواء اصلاحی اقدامات کامیابی سے مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان اب کسی اضافی نگرانی کے تحت نہیں رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی اے ڈی او پی کے عملے کی انتھک کوششوں اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی موثر رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ کی قیادت میں نہ صرف پالیسی ہم آہنگی یقینی بنائی گئی بلکہ طریقہ کار میں اصلاحات بھی بروقت نافذ کی گئیں تاکہ پاکستان عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2024 میں واڈا نے پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ اگر جنوری 2025 تک اینٹی ڈوپنگ تقاضے پورے نہ کیے گئے تو پاکستان کو عدم تعمیل کی فہرست میں شامل کردیا جائے گا۔ ایسی صورت میں قومی کھلاڑیوں کو اپنے پرچم تلے کھیلنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ ملک کو کھیلوں کی دنیا میں تنہائی کا سامنا بھی ہوسکتا تھا۔ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "یہ محض ایک بیوروکریٹک کامیابی نہیں بلکہ پاکستانی کھلاڑیوں اور اسپورٹس فیڈریشنز کے لیے زندگی کی نئی لہر ہے۔ عالمی پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے واڈا سے یہ کلیئرنس ایک تاریخی سنگ میل ہے۔"