بھارتی آلہ کاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے فورسز، ریاست اور پوری قوم متحد اور پرعزم ہے
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد کچہری کے قریب اور کیڈٹ کالج وانا میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے میں شہداء کے لواحقین سے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خودکش حملہ آور کو داخلی راستے پر ہی روکنا اور وانا کیڈٹ کالج سے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنا سکیورٹی فورسز کی ایک قابلِ ستائش کامیابی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔ چیئرمین پی پی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں انصاف تک پہنچانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آلہ کاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سکیورٹی فورسز، ریاست اور پوری پاکستانی قوم متحد اور پرعزم ہے۔