پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے بھارتی جارحیت کے خلاف ایک اور عملی قدم اٹھاتے ہوئے شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ملک کے کسی بھی حصے میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے افراد اگر شہید یا زخمی ہوئے، تو صوبائی حکومت ان کے اہل خانہ کی بھرپور مالی معاونت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ امداد صوبائی حکومت کے ریلیف پیکیج کے تحت فراہم کی جائے گی، جس میں شہدا کے ورثا کو مالی معاونت کے ساتھ دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے شہریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، اور بھارتی جارحیت کے خلاف ہر محاذ پر متحد ہے۔
علی امین گنڈاپور نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ قومی جذبے سے کیا جا رہا ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔