1630 افراد متاثر، موٹرسائیکل حادثات کی شرح سب سے زیادہ رہی
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1393 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 792 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 828 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ ان حادثات میں 79 فیصد موٹرسائیکل حادثات شامل تھے، جس کے پیش نظر شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور لائن و لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی کالز کے تحت ان حادثات میں 898 ڈرائیور، 59 کم عمر ڈرائیور، 545 مسافر اور 187 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں 241 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 292 افراد متاثر ہوئے، جبکہ فیصل آباد 98 حادثات اور 111 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور ملتان 82 حادثات اور 90 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی طور پر 1630 متاثرین میں 1314 مرد اور 316 خواتین شامل تھیں۔ زخمی ہونے والوں میں 285 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 880 افراد کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان اور 465 افراد کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔ حادثات میں 1463 موٹرسائیکلیں، 116 آٹو رکشے، 149 کاریں، 30 وینیں، 15 مسافر بسیں، 38 ٹرک اور 77 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔