کارروائیوں کے دوران صوبہ بھر سے 4 لاکھ 66 ہزار 986 پتنگیں اور 14 ہزار 574 ڈور چرخیاں بر آمد
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کی جانب سے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف م ئوثر کریک ڈا ئون کے دوران ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر اب تک 9565 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 9219 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران صوبہ بھر سے 4 لاکھ 66 ہزار 986 پتنگیں اور 14 ہزار 574 ڈور چرخیاں بر آمد کی گئی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کریک ڈا ئون کے دوران 4395 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 4233 مقدمات درج کیے گئے۔ اس دوران 1 لاکھ 18 ہزار 931 پتنگیں اور 4616 ڈور چرخیاں بھی بر آمد ہوئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز قابلِ برداشت نہیں اور اس کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔