لاہور: 6 ہزار روپے کے لیے شہری کا قتل، دونوں ملزمان گرفتار

لاہور: 6 ہزار روپے کے لیے شہری کا قتل، دونوں ملزمان گرفتار

بادامی باغ پولیس نے نشے کے پیسے کے تنازع پر شہری کو قتل کرنے والے دو ملزمان — امیر اللہ عرف میرو اور غلام خان — کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے محض 6 ہزار روپے کی خاطر ابراہیم نامی شہری پر چاقو سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان قبرستان میں چھپے، پھر فٹ پاتھ پر رات گزاری اور اپنی لوکیشن بدل کر پولیس کو چکمہ دیتے رہے۔ مرکزی ملزم میرو اپنی فیملی کے ساتھ پشاور فرار ہو گیا تھا، مگر پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے دونوں کو لاہور واپسی پر گرفتار کرلیا۔ڈی ایس پی شفیق آباد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے یہ کارروائی کی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ "ملزم کتنا بھی چالاک ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا"، اور دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔