پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کی صحت کے حوالے سے تشویشناک خبر کے بعد دنیا بھر سے ان کے مداحوں کی جانب سے محبت اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
تاہم، اب ان کے خاندان نے ایک اہم اور انسانیت دوست اپیل کی ہے۔ زین ملک کی رہائش گاہ اور دفاتر میں بڑے پیمانے پر پھول، تحائف اور خیر سگالی کے پیغامات موصول ہو رہے تھے، جنہیں سنبھالنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ اس مشکل کے پیش نظر، زین ملک کی کزن ساشا ملک نے انسٹاگرام پر ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ مزید گلدستے بھیجنے کے بجائے فلسطینی عوام کے لیے عطیات فراہم کریں۔ ساشا ملک نے اپنے پیغام میں اپنے اور زین ملک کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں موصول ہونے والے تحائف کو سنبھالنا مشکل ہو رہا ہے، اس لیے اگر واقعی محبت کا اظہار کرنا چاہتے ہیں تو یہ جذبہ فلسطین کے لیے عطیات کی صورت میں ظاہر کریں۔
یاد رہے کہ زین ملک نے 17 اپریل کو اسپتال سے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ غیر متوقع طور پر صحت یاب ہو رہے ہیں اور طبی عملے و چاہنے والوں کی دعاؤں کا شکریہ ادا کیا تھا۔ ان کی یہ اپیل مثبت ردعمل حاصل کر رہی ہے اور کئی صارفین اسے ایک انسانیت کی خدمت کی مثال قرار دے رہے ہیں۔