مولڈووا کے وزیراعظم الیگزینڈرو مونٹیانو مستعفی

مولڈووا کے وزیراعظم الیگزینڈرو مونٹیانو مستعفی

کیشینو: مولڈووا کے وزیراعظم الیگزینڈرو مونٹیانو نے اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد ملک کی سیاسی صورتحال میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اصولوں اور ذاتی اقدار کے مطابق مزید ذمہ داریاں نبھانے کے قابل نہیں رہے، اسی لیے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق الیگزینڈرو مونٹیانو نومبر 2025 سے وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز تھے۔ استعفے کے اعلان میں انہوں نے اپنے فیصلے کی بنیادی وجہ کی تفصیل بیان نہیں کی، تاہم کہا کہ موجودہ حالات میں اپنے ضمیر اور اصولوں کے مطابق فرائض انجام دینا ممکن نہیں رہا۔سیاسی مبصرین کے مطابق ان کے استعفے سے قبل حکومت کو سرکاری فضائی نیویگیشن کمپنی مولڈاٹسا (MoldATSA) میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، انتظامی مسائل اور اعلیٰ حکام کی تنخواہوں کے معاملے پر شدید عوامی اور سیاسی تنقید کا سامنا تھا۔ اگرچہ مونٹیانو نے ان معاملات کو براہِ راست اپنے استعفے کی وجہ قرار نہیں دیا، تاہم مبصرین انہیں پس منظر میں موجود اہم عوامل تصور کر رہے ہیں۔مولڈووا کی صدر مایا ساندو نے وزیراعظم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ الیگزینڈرو مونٹیانو نئے وزیراعظم کی تقرری تک عبوری طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے تاکہ حکومتی امور میں تسلسل برقرار رہے۔

صدر مایا ساندو نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں موجود مختلف سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نئے وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے پیدا کرنے اور نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع کریں گی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا استعفیٰ صدر مایا ساندو اور ان کی یورپ نواز حکمران جماعت پی اے ایس (PAS) کے لیے ایک اہم سیاسی امتحان ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ ملک اس وقت یورپی یونین میں شمولیت کی کوششوں، داخلی اصلاحات اور خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال جیسے اہم چیلنجز سے گزر رہا ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق نئی حکومت کی تشکیل اور وزیراعظم کے انتخاب کا عمل آئندہ دنوں میں مولڈووا کی داخلی سیاست اور یورپی یونین کے ساتھ اس کے تعلقات پر بھی نمایاں اثرات مرتب کر سکتا ہے۔