بجوات سیکٹر میں گندم کی کٹائی کاعمل تیز

 سیالکوٹ(خصوصی رپورٹ)بجوات سیکٹر پرکسانوں نے گندم کی کٹائی کا عمل تیز کردیا جبکہ نوجوانوں کی بڑی تعدادنے جذبہ خیر سگالی کے تحت اپنے بلڈ گروپ کا اندراج بھی کرادیا۔ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کے بھارتی بارڈر سے ملحقہ بجوات سیکٹر میں واقع 85کے قریب دیہات کے رہائشیوں نے بھارت کے جنگی عزائم کو بھانپتے ہوئے بھاری نقصان سے بچنے اور پاک فوج کی نقل و حرکت کی آسانی کیلئے اپنے زرخیز رقبہ کے تقریبا ً90 فیصد رقبہ پرکاشت کی ہوئی گندم کی کٹائی کا عمل تیز کردیا ۔ کاشتکار میاں عارف ، حبیب، منظور، ساجد، خالد، اشرف ، ندیم و دیگر نے بتایا کہ بھارت امن کا دشمن ہے اور اپنے ہمسایہ ممالک کیلئے ہمہ وقت خطرہ ہے جو خطہ میں جنگ کا ماحول بنائے رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایشیا، یورپ و امریکا کی نسبت پیچھے رہ گیا ہے۔ قوم ملک کی حفاظت کی خاطر پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے ،ہر نوجوان فوج کا سپاہی بن کر دشمن کو نیست ونابود کردیگا۔