کرسٹیانو رونالڈو کا ہالی ووڈ میں ڈیبیو، پہلی ٹی وی سیریز 'ڈے ونز' کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی بن گئے

کرسٹیانو رونالڈو کا ہالی ووڈ میں ڈیبیو، پہلی ٹی وی سیریز 'ڈے ونز' کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی بن گئے

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کے میدان میں شاندار کامیابیوں کے بعد اب انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

 رونالڈو اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز "ڈے ونز" (Day Ones) کے ذریعے ہالی ووڈ میں ڈیبیو کر رہے ہیں، جہاں وہ نہ صرف اداکاری کریں گے بلکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔یہ سیریز رونالڈو کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی UR-MARV Studios تیار کر رہی ہے، جسے انہوں نے معروف برطانوی ہدایت کار میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کیا تھا۔ میتھیو وان اس سے قبل کئی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں اور ان کا شمار ہالی ووڈ کے نمایاں فلم سازوں میں ہوتا ہے۔سیریز کی کاسٹ میں سابق فرانسیسی فٹبال اسٹار تھیری ہنری، برطانوی اداکار ڈیمین لیوس، برطانوی ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات شامل ہیں۔'ڈے ونز' کی کہانی ایک فرضی فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کے گرد گھومتی ہے، جو جدید فٹبال کی چمک دمک کے پیچھے موجود طاقت کی سیاست، کاروباری مفادات اور سخت مقابلے کا سامنا کرتا ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیریز کی شوٹنگ شمال مغربی لندن میں جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر نمایاں کامیابی حاصل کر سکتا ہے اور ناظرین کو پیشہ ورانہ فٹبال کی دنیا کا ایک منفرد اور حقیقت سے قریب تر رخ دکھائے گا۔کرسٹیانو رونالڈو کی اس نئی اننگز کو ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جہاں وہ کھیل کے میدان کے بعد فلم اور ٹیلی ویژن کی صنعت میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔