پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکال کر لے آئیں‘ ہم نے بہت صبر کر لیا:اسلام آباد ہائیکورٹ

کیا آپ لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر سے ہٹانا چاہتے ہیں؟ کیا اس ملک میں اب بیوروکریسی چلے گی؟جسٹس اعظم خان ‘نام نکالنے کیلئے آج تک مہلت
اسلام آباد ( آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے شہری کا نام نا نکالنے کا معاملہ پر پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کو آج منگل تک نام پی سی ایل سے نکالنے کی مہلت دے دی ہے جبکہ جسٹس اعظم خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آج عدالتی فیصلے پر عمل نا ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی شروع ہو گی، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکال کر لے آئیں۔ ہم نے بہت صبر کر لیا، کتنے ہی کیسز کو نظرانداز کر لیا، آپ افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں؟ آپ یہ کریں گے تو لوگ کہاں جائیں گے؟ کیا آپ لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر سے ہٹانا چاہتے ہیں؟ کیا اس ملک میں اب بیوروکریسی چلے گی؟ عدالتی احکامات کی اسکروٹنی کے لیے کمیٹی کیسے بنا دی گئی؟ آپ اب سپریم کورٹ بن گئے ہیں؟انھوں نے یہ ریمارکس پیرکے روزدیے ہیں۔عدالت نے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ حکام کو عدالتی فیصلے پر آج ہی عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی۔