یوٹیوبر وگلوکار انکت بالیان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

 یوٹیوبر وگلوکار انکت بالیان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

بھارتی ریاست اتر پردیش میں معروف ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔

 یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انکت بالیان جم سے ورزش کے بعد باہر نکل رہے تھے۔پولیس کے مطابق، بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے انکت بالیان کو گھیر کر فائرنگ کی۔ حملہ آوروں نے ان پر متعدد گولیاں چلائیں، جن کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، انکت پر مجموعی طور پر 18 گولیاں چلائی گئیں۔پولیس نے واقعے کے بعد مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی ہے اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرکے ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور نقل و حرکت کا پتا چلایا جا سکے۔

انکت بالیان سوشل میڈیا پر بھی بہت مقبول تھے اور ان کے یوٹیوب چینل کو 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد صارفین فالو کرتے تھے۔ ان کی ویڈیوز میں اکثر اسلحے کی نمائش، فائرنگ اور لگژری گاڑیوں کو دکھایا جاتا تھا۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ ہونے والے پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے، لیکن اس حوالے سے پولیس یا قریبی افراد کی طرف سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔پولیس نے ابھی تک قتل کے محرکات کے بارے میں کوئی حتمی موقف اختیار نہیں کیا ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔