مظفر آباد کے نواحی علاقے شکر پڑیاں میں جیپ گہری کھائی میں گرنے سے ڈرائیور سمیت 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
ٹنڈو آدم میں جھول روڈ پر بس کار سے ٹکراگئی ،5افراد جان سے گئے، لاشیں ورثا کے حوالے،بس زیر تحویل ، ڈرائیور فرار
اسلام آباد،مظفر آباد، کراچی ، (خصوصی رپورٹ)مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 12افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کیمطابق مظفر آباد کے نواحی علاقہ شکر پڑیاں میں جیپ کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو اور پولیس کے مطابق جیپ جس پر گھاس لدا ہوا تھا اور 7 افراد سوار تھے، جیپ بے قابو ہوکر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری جس میں سوار ڈرائیور سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کردیں۔ادھر سانگھڑ کے علاقے ٹنڈو آدم جھول روڈ پر پیش آیا جہاں کراچی سے سانگھڑ جانے والی مسافر بس کی کار سے ٹکر ہوگئی، حادثے میں کار میں سوار 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔بعدازاں زخمیوں کو حیدر آباد منتقل کرتے ہوئے ایک اور زخمی خاتون دم توڑ گئی، جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے ،جبکہ حادثے میں 2 خواتین اور 2 بچے زخمی بھی ہوئے۔