وزیراعظم شہباز شریف کا آج ساہیوال اور چیچہ وطنی کا دورہ متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کا آج ساہیوال اور چیچہ وطنی کا دورہ متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کا آج پیر کو ساہیوال اور چیچہ وطنی کا دورہ متوقع ہے، جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

 دورے کے دوران وزیراعظم مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کریں گے اور مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ساہیوال میں سابق صوبائی وزیر مرحوم ملک ندیم کامران کے اہلخانہ سے ملاقات کریں گے اور ان کے انتقال پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کریں گے۔ اس موقع پر وہ مرحوم کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کریں گے۔وزیراعظم سابق رکن قومی اسمبلی مرحوم چوہدری اشرف لیڈر کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات کا مقصد مرحوم کے انتقال پر تعزیت اور اہلخانہ سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔دورے کے دوسرے مرحلے میں وزیراعظم شہباز شریف کی چیچہ وطنی آمد بھی متوقع ہے، جہاں وہ مرحوم رکن صوبائی اسمبلی چوہدری حنیف جٹ کے اہلخانہ سے ملاقات کریں گے۔

 وزیراعظم مرحوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے فاتحہ خوانی کریں گے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم چیچہ وطنی میں سابق رکن قومی اسمبلی منیر اظہر کی وفات پر بھی ان کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کریں گے۔ اس موقع پر مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی جائے گی اور اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا جائے گا۔وزیراعظم کا یہ دورہ مرحوم سیاسی شخصیات کے خاندانوں سے اظہارِ تعزیت اور یکجہتی کے سلسلے میں اہمیت رکھتا ہے۔ دورے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم کی مصروفیات سے متعلق مزید تفصیلات متعلقہ ذرائع کی جانب سے سامنے آنے کی توقع ہے۔