ناکے پر ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کردی،جوابی کارروائی میں رضوان مارا گیا ،الیاس اووڈ 29 مقدمات میں مطلوب تھا
رحیم یار خان،دیپالپور (خصوصی رپورٹ)رحیم یارخان میں مبینہ پولیس مقابلے میں 50لاکھ روپے سر کی قیمت والا بدنام زمانہ ڈاکو رضوان عرف عرفان شر ہلاک ہوگیا۔ پولیس ترجمان ے بتایا کہ موضع مرتضی آباد روڈ پر ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے ناکہ بندی کی۔ اس دوران ایک مشکوک موٹر سائیکل کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو رضوان عرف عرفان شر مارا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، ڈکیتی اور قتل سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ حکومت سندھ نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔دریں اثنا حجرہ شاہ مقیم میں مبینہ پولیس مقابلہ میں دورانِ ڈکیتی شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والا ڈاکو ہلاک، بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ 29 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت الیاس اووڈ کے نام سے ہوئی ہے جو مبینہ طور پر بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا اور مختلف سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ڈاکو نے چند روز قبل بھلائی والا دربار کے قریب شہری علی احمد کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔