بجلی کمپنیوں کی غفلت کے باعث لوگ جاں بحق ہورہے ہیں:مریم نواز

 سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے کا حکم‘کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کارکمپنیوں کو نوٹس لینے کی ہدایت
 لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اربن فلڈنگ، رودکوہی اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کارکمپنیوں کو نوٹس لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔کھمبوں پر بجلی کے بے ہنگم لٹکتے تار انسانی جانوں کے لئے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا ۔ وزیراعلی نے دریاؤں، ڈیموں اور بیراج پر نہانے کی پابندی یقینی بنانے اورڈرون سے مانیٹرنگ کر نے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو بارش اور فلڈ کی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے مساجد، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر اعلانات کرانے کا حکم دیا اور مون سون کے دوران ہر کنسٹرکشن سائٹ کو باقاعدہ طور پر محفوظ بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں انتظامیہ کومتعلقہ علاقوں میں خستہ حال اور بوسید ہ عمارتوں کا جائزہ لینے اور رضاکارانہ طور پر خالی کرانے کی ہدایت کی اور مون سون کے دوران صوبہ بھر میں مین ہول، گٹراور گڑھے وغیرہ محفوظ بنانے کا حکم دیا۔۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے، واسا، ریسکیو1122، لوکل گورنمنٹ اور این ڈی ایم اے سے مکمل اشتراک کار کی ہدایت کی اور کمرشل اور عوامی مقامات سے بھی فوری طور پر پانی کی نکاسی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کا حکم دیا۔