پاکستان، بنگلا دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری پر اتفاق

پاکستان، بنگلا دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری پر اتفاق

پاکستان اور بنگلا دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکہ میں اپنے بنگلا دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی۔ ڈھاکہ میں وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی کو پرتپاک خیرمقدم دیا گیا اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور پاک-بنگلا دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انٹرنل سیکیورٹی، پولیس ٹریننگ، انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور انسداد دہشتگردی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔مشترکہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا جس میں پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کا مقصد مختلف شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کو مؤثر بنانا ہے۔بنگلا دیش کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے کے لیے اسلام آباد آئے گا۔اس موقع پر بنگلا دیشی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ اپنے "بھائی" کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور اس دورے کو پاک-بنگلا تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ محسن نقوی نے بنگلا دیش کو پولیس ٹریننگ کی پیشکش کی جس پر شکریہ بھی ادا کیا گیا۔