عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور اہم بحری راستوں پر ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات نے عالمی توانائی مارکیٹ کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔

 بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کم نہ ہونے کے باعث سرمایہ کاروں میں بے چینی بڑھ رہی ہے، جس کے اثرات براہِ راست تیل کی قیمتوں پر نظر آ رہے ہیں۔بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید مہنگائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ تقریباً 102 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ بھی 2.87 فیصد اضافے کے ساتھ 94 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔مزید برآں، ابوظہبی کا مربان کروڈ بھی نمایاں اضافے کے بعد تقریباً 103 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکا ہے، جو عالمی مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔

رائٹرز ک کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہو سکتی ہیں۔ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ ہونا بھی اسی رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی اور اہم بحری گزرگاہوں میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں تو نہ صرف تیل بلکہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے کئی ممالک کو ممکنہ توانائی بحران کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔