لاہور،پنڈی، اسلام آباد ودیگرمقامات پر بارش، موسم خوشگوار

 آندھی ، گرج چمک کیساتھ بارشوں، گلیشئر جھیلیں پھٹنے کاالرٹ جاری
سندھ میں شدید گرمی، خشک سالی ، اچانک سیلابی صورتحال کا امکان
لاہور،اسلام آباد،کراچی(خصوصی رپورٹ )لاہور،راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ لاہورمیں جیل روڈ، قرطبہ چوک، مال روڈ، ایبٹ روڈ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری رہا ،کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے کل پیر کو بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے نے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارشوں کاالرٹ جاری کر دیا۔ چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان ، وزیرستان ، تربت، کیچ، آواران، خضدار ، ڑوب ،جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشئر جھیلیں پھٹنے سے بھی خبردار کرتے ہدایت کی ہے کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی تیاریوں کو یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناموسمیاتی ماہرین اورقومی و بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس کے مطابق سندھ کو 2026 کے دوران شدید موسمیاتی چیلنجز کا سامنا رہنے کا امکان ہے۔شدید گرمی، خشک سالی اور غیر معمولی بارشیں متوقع ہیں ، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور دیہی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔بحیرہ عرب اور بحرِ ہند میں سمندری سطح کا درجہ حرارت بڑھنے سے ساحلی اضلاع کراچی، ٹھٹھہ اور بدین میں غیر متوقع بارشوں اور شہری سیلاب کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ کے اضلاع خشک سالی سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔